اسلام آباد: (دنیا نیوز) اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے الیکشن کمیشن کے سندھ اور بلوچستان سے ارکان کیلئے وزیراعظم عمران خان کے تجویز کردہ نام مسترد کر دیئے، 2 ارکان کے لئے 6 نئے نام تجویز کر دیئے۔
شہباز شریف نے عمران خان کے نام نئے خط میں سندھ سے رکن الیکشن کمیشن کیلئے سینئر وکیل خالد جاوید، جسٹس (ر) عبدالرسول میمن اور جسٹس (ر) نور الحق قریشی کا نام تجویز کیا ہے۔ بلوچستان سے رکن کے لئے اپوزیشن لیڈر نے تین وکلا صلاح الدین مینگل، شاہ محمد جتوئی اور روف عطا کے نام بھجوائے ہیں۔
اپوزیشن لیڈر نے وزیراعظم کو لکھا ہے کہ الیکشن کمیشن ارکان کے انتخاب کے لئے ہر امیدوار پر تفصیلی باہمی مشاورت ضروری ہے، جو خفیہ رکھی جانی چاہیئے، آپ نے سابقہ نامزدگیوں پر جھوٹے، بے بنیاد الزامات لگائے، اپنے وزیر خارجہ کے نامزد شخص کو ہی بعد میں ‘‘نااہل’’ قرار دیدیا، ایسے ہی تبصرے آپ کے نامزد کردہ افراد کے بارے میں بھی باآسانی کئے جا سکتے ہیں، تاہم میں نے فیصلہ کیا ہے کہ ایسی رائے نہ دوں جس سے کسی کی دل آزاری ہو، آپ ان ترمیم شدہ ناموں پر سنجیدگی سے غور کریں۔