اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کو سفارتی محاذ پر ایک بڑی کامیابی ملی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات طے پا گئی۔
دنیا نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان او روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی ملاقات 14 جون کو بشکیک میں ہوگی۔ ملاقات شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کی سائیڈ لائنز پر ہو گی۔
روسی سفارتخانے کی جانب سے دفتر خارجہ کو ملاقات کے لئے آمادگی سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزارت خارجہ اور دیگر حکام موجود ہونگے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران وزریراعظم عمران خان روسی صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دیں گے۔ ملاقات میں پاک روس تعلقات، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہو گا، دونوں رہنما ملاقات میں افغان امن عمل اور عالمی امور پر بھی بات چیت کریں گے۔