اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے آئندہ بجٹ میں تاریخ کی سب سے بڑی کفایت شعاری مہم کی تیاری مکمل کر لی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے ہدایات جاری کی تھیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کے تحت کفایت شعاری کی مختلف تجاویز تیار کر لی گئی ہیں۔ کفایت شعاری مہم کے ذریعے 40 ارب روپے بچانے پر غور کیا جا رہا ہے۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق کفایت شعاری مہم کے تحت سرکاری افسران کی تنخواہیں منجمند کرنے جبکہ دفاعی افسران کی طرح بیورو کریسی کی تنخواہیں بھی نہ بڑھانے پر غور کیا جا رہا ہے۔
اس کے علاوہ سرکاری افسران کی تنخواہیں نہ بڑھانے، ایوان صدر اور ایوان وزیراعظم اور گورنر ہاؤسز میں سادگی مہم، صدر اور وزیراعظم کے لیے تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنے اور گورنرز اور اراکین کابینہ کی تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنے پر تجویز کیا جا رہا ہے۔ تنخواہوں میں اضافہ صرف گریڈ ایک سے 16 کے ملازمین پر ہو سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئندہ بجٹ میں تمام غیر ضروری اخراجات ختم کیے جائیں گے۔ تمام وزارتوں میں غیر ضروری اخراجات ختم کرنے اور وزارتوں میں نئی گاڑیاں اور ایئرکنڈیشنز خریدنے پر پابندی لگانے کی تجویز دی گئی ہے۔
وزارتوں اور محکموں میں تزین وآرائش کا فنڈ ختم کرنے، وزارتوں اور محکموں میں تحفے تحائف اور انٹرٹینمنٹ الاؤنس ختم کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔
کفایت شعاری مہم کی ابتدائی منظوری منگل کو کابینہ اجلاس میں دی جائے گی تاہم حتمی فیصلہ پارلیمنٹ بجٹ سیشن میں کرے گی۔