لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں نئے ٹیکس لگانے کی تیاریاں، آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 25 سے 30ارب روپے کے قریب ٹیکس لگانے کی تجاویز تیار کر لی گئیں، وزیراعظم عمران خان نے پنجاب بجٹ کی تجاویز سے متعلق جائزہ اجلاس سوموار کو طلب کر لیا۔
پنجاب کا بجٹ، کونسی ترقیاتی سکیمیں شامل اور ٹیکس ریونیو اہداف کیا ہوں گے، وزیراعظم عمران خان نے 10جون کو 3 بجے پنجاب حکومت سے متعلق اہم اجلاس طلب کر لیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار، وزیر خزانہ سمیت 4 رکنی ٹیم اسلام آباد طلب کر لی گئی، نئی ترقیاتی سکیموں سے متعلق وزیراعظم سے منظوری کے بعد بجٹ میں شامل کیا جائے گا۔
پنجاب حکومت کی جانب سے آئندہ سال 5عشاریہ 2فیصد گروتھ ریٹ بڑھانے کی بھی تجویز تیار کی گئی ہے، پنجاب میں مالی سال 20-2019 کے بجٹ میں 25 سے 30ارب روپے کے ٹیکس لگانے کی تجاویز تیار کی گئی ہیں۔ محکمہ خزانہ پنجاب ذرائع کے مطابق موٹرویز، ریسٹورنٹ پر پراپرٹی ٹیکس لگائے جانے کی تجویز ہے۔ زرعی آمدنی کی شرح بڑھانے اور پروفیشنل ٹیکس کا دائرہ کار بھی بڑھانے کی تجویز زیر غور ہے۔
وکلاء پروفیشنل ٹیکس لگانے کی تجویز مئوخر، پنجاب میں فیول کے استعمال پر ایک فیصد نیا کاربن ٹیکس لگانے کی تجویز ہے، کمرشل بلڈنگز پر پراپرٹی ٹیکس لگانے کی تجاویز بھی دی گئی ہیں۔ بیوٹی پارلر اور ہیئر ڈریسرز پر بھی ٹیکس لگانے کی بھی تجویز تیارکی گئی ہے۔