اسلام آباد: (دنیا نیوز) مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ قومی اقتصادی سروے آج جاری کریں گے۔ رواں مالی سال میں حکومت کو بیش تر معاشی اہداف کے حصول میں ناکامی ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی اقتصادی سروے آج پیش کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ دہشتگردی کے نقصانات، قرضوں اور ترسیلات زر سے متعلق تفصیلات بھی اقتصادی سروے میں شامل ہیں۔
مشیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ پہلے وزیراعظم عمران خان کو قومی اقتصادی سروے کی کاپی پیش کریں گے جس کے بعد اس کا باقاعدہ اجرا کیا جائے گا۔
دنیا نیوز کے حاصل کردہ اقتصادی سروے کے خدوخال کے مطابق رواں مالی سال میں فی کس آمدن، سرمایہ کاری، بچتوں سمیت کوئی ہدف حاصل نہیں ہو سکا ہے۔
مہنگائی کا جن بھی سال بھر قابو سے باہر رہا۔ جولائی سے اپریل کے دوران ترسیلات زر میں 8 اعشاریہ 5 فیصد اضافہ ہوا، تاہم بیرونی سرمایہ کاری میں 52 فیصد کمی ہوئی۔ فی کس آمدن 1652 ڈالر سے کم ہو کر 1516 ڈالر رہ گئی۔
صنعتی ترقی کی شرح متعین ہدف 7.6 فیصد کی بجائے محض 1.4 فیصد رہی۔ ادویات، کار سازی، آئرن، سٹیل اور کھانے پینےکی اشیا کی پیداوار میں 4 اعشاریہ 7 فیصد کمی ہوئی۔
جولائی سے اپریل کے دوران ایل این جی کی درآمدات میں 46 فیصد اور خام تیل کی درآمدات میں 14 فیصد اضافہ ہوا۔ تاہم پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں 14 فیصد کمی ہوئی۔
جی ڈی پی میں سرمایہ کاری کا تناسب 17.2 فیصد کے برعکس 15.4 فیصد، نجی شعبے میں سرمایہ کاری کا تناسب 10.8فیصد ہدف کے برعکس 9.8 فیصد رہا۔