پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا میں ضم سات قبائلی اضلاع اور ایک ایف آر ریجن میں صوبائی اسمبلی کی 16 جنرل نشستوں پر انتخابات 20 جولائی کو ہوں گے۔
خیبر پختونخوا کی تاریخ میں پہلی بار قبائلی اضلاع میں 16 جنرل نشستوں پر الیکشن ہوگا۔ انتخابات میں 285 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا جس میں دو خواتین امیدوار بھی شامل ہیں۔
مجموعی طور پر 28 لاکھ سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے، جن میں 16 لاکھ سے زائد مرد جبکہ 11 لاکھ سے زائد خواتین ووٹرز شامل ہیں۔
سات قبائلی اضلاع میں مجموعی طور پر 1895 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں، جن میں 554 حساس ترین اور 461 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ پولنگ کا عمل 20 جولائی کو ہوگا۔ انتخابات کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
پریزائیڈنگ افسران کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات سونپے گئے ہیں۔ پولنگ سٹیشن پر پولیس، لیویز، خاصہ دار اور پاک فوج کے دستے بھی تعینات ہوں گے۔