اسلام آباد: (دنیا نیوز) افتخار درانی نے کہا ہے کہ قبائلی اضلاع کیلئے آج تاریخ ساز دن ہے، قبائلی عوام تاریخ میں پہلی بار عوامی نمائندوں کو منتخب کریں گے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا قبائلی علاقہ جات کے عوام کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، قبائلی عوام حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے اپنے امیدواروں کو ووٹ دیں، آپ کے ووٹ سے ہی آپ کے امیدوار جیتیں گے۔
یاد رہے قبائلی اضلاع کے انتخابات میں تحریک انصاف کے سب سے زیادہ 16 امیدوار میدان میں ہیں، جے یو آئی کے 15، پیپلز پارٹی کے 13، اے این پی کے 14 اور قومی وطن پارٹی کے 3 امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے 5 اور جماعت اسلامی کے 13 امیدوار میدان میں ہیں جبکہ 202 امیدوار آزاد حیثیت سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔