کلسٹر بم حملہ، او آئی سی کی جانب سے تشویش کا اظہار

Last Updated On 05 August,2019 05:16 pm

جدہ: (دنیا نیوز) آرگنائزیشن آف اسلامک کارپوریشن (او آئی سی) نے مقبوضہ وادی میں فوجیوں کی تعداد میں اضافے اور کلسٹر بموں کے استعمال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

آرگنائزیشن آف اسلامک کارپوریشن (او آئی سی) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی اور شہریوں کی ہلاکت افسوسناک ہے۔

او آئی سی کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں فوجیوں کی تعداد میں اضافے اور کلسٹر بموں کے استعمال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا ہے کہ عالمی برادری اس مسئلے کے حل کے لیے آگے آئے۔

آرگنائزیشن آف اسلامک کارپوریشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیر میں غیر جانبدار ریفرینڈم ہونا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیر کی کشیدہ صورتحال، وزیرخارجہ کا او آئی سی سے نوٹس لینے کا مطالبہ

خیال رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف احمد العثمین سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس میں ان سے کشمیر میں بڑھتی ہوئی بھارتی جارحیت اور امن وامان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کی طرف سے نہتے کشمیریوں پر سفاکانہ طاقت کا استعمال انتہائی قابل مذمت ہے۔ بھارت بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ہندو یاتریوں اور غیر ملکی سیاحوں کو کشمیر سے نکلنے کے احکامات تشویش میں اضافے کا سبب بن رہے ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے او آئی سی سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

سیکرٹری جنرل او آئی سی نے وزیر خارجہ کو نوٹس لینے اور اس سلسلے میں اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ اس سے قبل وزارت خارجہ میں بھارتی جارحیت کے حوالے سے ہنگامی اجلاس ہوا جس میں کشمیر میں بڑھتی ہوئی بھارتی جارحیت اور تشویشناک صورتحال پر مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو ہر فورم پر اجاگر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
 

Advertisement