دبئی: (دنیا نیوز) او آئی سی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم وجبر کو ریاستی دہشت گردی تسلیم کر لیا۔ پاکستانی فضائی حدود کیخلاف ورزی پر بھارت کیخلاف قرارداد بھی منظور کر لی۔ پاکستان کی خدمات سراہتے ہوئے اسے جنوبی ایشیا میں انسانی حقوق کمیشن کا رکن منتخب کر لیا گیا۔
مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی کامیاب سفارتکاری اور دو ٹوک موقف نے بھارت کو خطے میں اکیلا کر دیا، سشما سوراج کی شرکت کے باوجود او آئی سی میں بھارت کو سبکی کا سامنا کرنا پڑا۔ او آئی سی وزرائے خارجہ کے اجلاس میں کشمیری عوام کی حمایت کا عزم دہرایا گیا، بھارتی ظلم کے شکار کشمیری عوام کی حمایت پر مبنی قرارداد بھی منظور کرلی گئی۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق قرارداد میں کشمیر کو پاکستان اور بھارت میں تنازعہ کی بنیادی وجہ قرار دیا گیا، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی دہشتگردی کی مذمت اورانسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار بھی کیا گیا۔
شرکا نے مسئلہ کشمیر پر سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کا مطالبہ کردیا، پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر بھارت کے خلاف قرارداد بھی منظور کی گئی۔ پاکستان کی خدمات کے اعتراف میں اسے جنوبی ایشیا میں انسانی حقوق کمیشن کا رکن منتخب کر لیا گیا۔