بھارتی میڈیا کا پیسے لیکر مودی کیلئے انتخابی مہم چلانے کا انکشاف

Last Updated On 02 March,2019 06:45 pm

نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارتی اداکاروں کے بعد بھارتی میڈیا بھی پیسے کے بدلے ایمان بیچنے کو تیار رہتا ہے۔" کوبرا پوسٹ ویب سائٹ نے انکشاف کیا ہے کہ انڈین نیوز چینلز، اخبارات اور ویب سائٹس نے کروڑوں روپے لے کر بی جے پی کو فائدہ پہنچانےکے لئے ہاں کی، اسی طرح بھارت میں انتہا پسندانہ خیالات کی ترویج اور فساد کرانے کے لئے بھی رضامندی ظاہر کی۔

بھارتی ذرائع ابلاغ و 14 فروری کے پلوامہ واقعے کے بعد جنگی جنون میں مبتلا ہے اور مضحکہ خیز رپورٹنگ سے پوری دنیا میں مذاق بن کر رہ گیا ہے۔

پلوامہ واقعے کے بعد پاکستان پر الزام کی بارش کرنے والا بھارتی ذرائع ابلاغ آئے روز کوئی نہ کوئی ایسا دعویٰ کررہا ہے جو خود ہی جھوٹا ثابت ہوجاتا ہے اور انہیں منہ کی کھانی پڑتی ہے۔ بھارتی میڈیا کے جھوٹ کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ ہے لیکن یہاں کچھ ایسے واقعات بیان کیے گئے ہیں جس نے بھارتی ذرائع ابلاغ کے دعووں کی قلعی کھول دی ہے۔


بھارت کے بڑے نشریاتی ادارے انڈیا ٹوڈے پر 27 فروری کے واقعے کے بعد جب ایک پروگرام میں اینکر کی جانب سے اسکرین پر 2 تصاویر دکھاتے ہوئے دفاعی ماہر ابھیجیت سے پوچھا گیا کہ آپ بتائیں کہ یہ پرزہ بالکل اسی طرح ہے جو بھارتی ایئرفورس نے ایف 16 کا دکھایا تھا اور پاکستان کیسے جھوٹ بول رہا ہے۔


تاہم اس پر دفاعی ماہر نے کہا کہ میں آپ کی بات سے اتفاق نہیں کرتا، اصل میں یہ پرزہ بھارتی مگ 21 کا ہے کیونکہ جو انجن دکھایا جارہا ہے وہ جی ای ایف 100 ہے جبکہ پاکستان کے ایف 16 میں استعمال ہونے والا انجن مختلف ہوتا ہے اور اس میں ڈائمنڈ کٹ ہوتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ جو پرزہ دکھایا جارہا ہے یہ بالکل مختلف ہے اور ایف 16 اس سے بہت مختلف نظر آتا ہے۔


بھارتی دفاعی ماہر کے اس انکشاف کے بعد بھارتی میڈیا کا جھوٹ سب کے سامنے آگیا کہ وہ کس طرح پاکستان کے ایف 16 گرانے کے دعوے کو سچ ثابت کرنے کی کوششوں پر لگا رہا۔

 


اس سے قبل بھارتی مسلح افواج کے اعلیٰ حکام پریس بریفنگ میں پاکستانی طیارے سے متعلق اپنے ہی میڈیا کے سوالوں کے جواب نہ دے سکے تھے۔
پاکستان کے خلاف جارحیت اور پھر کرارا جواب ملنے کے ایک دن بعد بھارتی افواج نے نئی دہلی میں پریس بریفنگ کا انعقاد کیا تھا۔
پریس بریفنگ میں بھارتی آرمی، نیوی اور فضائیہ کے نمائندوں نے لکھا ہوا مؤقف پڑھ کر سنایا اور جب ان کے موقف پر صحافیوں نے سوالات کیے تو بھارتی مسلح افواج کے نمائندے کوئی ٹھوس جوابات نہ دے پائے اور ٹال مٹول سے کام لیتے رہے تھے۔


دوسری جانب ایک اور بھارتی نشریاتی ادارے زی نیوز کی جانب سے اپنی ایک رپورٹ میں یہ کہا گیا کہ ہماری فوج جب دعویٰ کرتی ہے تو کچھ لوگ اسے مانتے نہیں، ایسے لوگوں کے لیے یہ رپورٹ تیار کی گئی ہے۔
اس رپورٹ میں پاک فوج کی جانب سے بھارتی طیارے کے ملبے کو اٹھاتے ہوئے دکھایا جارہا ہے جبکہ ساتھ ہی ایک ایف 16 نسوار کی بھی تصویر دکھائی جاتی ہے۔