اسلامی تعاون تنظیم کا سربراہ اجلاس، وزیرا عظم سعودی عرب چلے گئے

Last Updated On 30 May,2019 03:53 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلامی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کے لئے وزیراعظم عمران خان سعودی عرب چلے گئے، اجلاس میں 57 اسلامی ممالک کے سربراہ اور وفود بھی شرکت کرینگے۔

 وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان، وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق اور وفاقی وزیر مراد سعید بھی وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ ہیں۔

عمران خان کو دورے کی دعوت سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے دی، وزیراعظم اسلام آباد سے براہ راست مدینہ شریف پہنچ کر روضہ رسولؐ پرحاضری دیں گے، روضہ رسولؐ پر حاضری کے بعد وزیراعظم آج ہی مدینہ شریف سے مکہ مکرمہ روانہ ہو جائیں گے۔

وزیراعظم آج رات عمرہ کی ادائیگی کر کے رات مکہ میں ہی قیام کریں گے، وزیراعظم عمران خان کل او آئی سی کے چودھویں سربراہ اجلاس میں شریک ہوں گے، مکہ سمٹ میں وزیراعظم خطاب بھی کریں گے۔

عمران خان نماز جمعہ خانہ کعبہ میں ادا کریں گے، اجلاس میں اسلامی دنیا کو درپیش مسائل کے حل کے لئے مشترکہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

Advertisement