ہم اپنے ہیروز کو ہمیشہ یاد رکھتے ہیں: آرمی چیف، شہداء کے لواحقین سے ملاقات

Last Updated On 10 August,2019 07:53 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) آرمی چیف کا کہنا ہے کہ ہم اپنے ہیروز کو ہمیشہ یاد رکھتے ہیں انہیں بھولتے نہیں، ہمارے ہیروز افواج اور قوم کے لیے فخر ہیں، مادروطن کے دفاع کے لیے جان کی قربانی عظیم ترین ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہداء کے گھر کے دورہ کے موقع پر کیا۔ اس دوران لواحقین سے ملاقات کی اور اہلخانہ سے تعزیت کی۔ آرمی چیف کے ہمراہ انکی اہلیہ بھی موجود تھیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کرنل راشد کریم بیگ شہید کے گھر میں ان کے لواحقین سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران آرمی چیف نے شہدا کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ آرمی چیف شہید لیفٹیننٹ کرنل وسیم حیات کے گھر بھی گئے اور ان کے لواحقین سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے شہید سپاہی غلام رضا کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی اور شہید سپاہی غلام رضا کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا مزید کہنا تھا کہ شہداء کی لازوال قربانیوں کے لیے ان کے لواحقین کے مشکور ہیں، ہمارا فرض ہے کہ ہم شہداء اہل خانہ سے رابطے میں رہیں اور ان کی فلاح و بہبود کا خیال رکھیں۔