راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور کمانڈرز کانفرنس آج طلب کرلی ہے جس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور بھارت کے غیرقانونی اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں ملک کی اندرونی و بیرونی سیکورٹی کی صورتحال پربھی غور ہوگا۔
بتایا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال کے تناظر میں آرمی چیف نے کور کمانڈرز کانفرنس آج طلب کی ہے جس میں بھارت کی جانب سے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے اقدام اور خطے پر اس کے اثرات کا جائزہ لیا جائے گا۔ کورکمانڈرز کانفرنس میں کنٹرول لائن پر کلسٹر بموں سے بھارتی حملے کے بعد کی صورت حال اور موثر جواب کی حکمت عملی پر بھی مشاورت ہو گی۔
یاد رہے کہ بھارتی حکومت نے اقوام متحدہ کی قرارداوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کی بجائے غیر آئینی اقدام اٹھاتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق آرٹیکل 370 اور 35 اے کو منسوخ کر دیا ہے جو خطے کو نئی کشیدگی میں دھکیلنے کے مترادف ہے۔