واشنگٹن: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکی محکمہ دفاع کے ہیڈ کوارٹر پینٹا گون کا دورہ کیا، چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف جنرل جوزف ڈین فورڈ نے آرمی چیف کا استقبال کیا جس کے بعد انھیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ جب پینٹا گون پہنچے تو چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف جنرل جوزف ڈین فورڈ نے ان کا استقبال کیا۔ آرمی چیف کو گارڈ آف آنر پیش اور 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ بعد ازاں جنرل قمرجاوید باجوہ اور جنرل جوزف کے مابین ملاقات ہوئی جس میں افغان امن عمل سمیت خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔
اس دوران آرمی چیف کی امریکی قائم مقام وزیردفاع اور امریکی چیف آف سٹاف جنرل مارک ملی سے بھی گفتگو ہوئی، امریکی عسکری حکام نے افغان امن عمل میں پاک فوج کے کردار کی تعریف کی جبکہ سیکیورٹی اور دوطرفہ عسکری تعاون سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے بعد آرمی چیف کو امریکی ہیروز کی یادگار کا دورہ کروایا گیا جہاں آرمی چیف نے امریکہ کیلئے جانیں قربان کرنے والے فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ تقریب کےدوران دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔