جنوبی وزیرستان: (دنیا نیوز) کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے قبائلی بھی میدان میں آ گئے، عید کے دوسرے روز مظلوم کشمیری عوام پر مظالم کے خلاف جنوبی وزیرستان میں مختلف مقامات پر ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔
بھارت کی جانب سے آرٹیکل 370 کے خاتمے کے خلاف مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے جنوبی وزیرستان کے قبائلی عوام نے مختلف مقامات پر ریلیوں کا انعقاد کیا جس میں قبائلی مشران سمیت نوجوانوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
مظاہرین نے بھارتی حکومت کے خلاف بھرپور نعرے بازی کی، قبائلیوں کا کہنا تھا کہ پہلے بھی کشمیریوں کی آزادی کے لئے ہم نے قربانی دی اور اب بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی عوام پاک فوج اور کشمیری عوام کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑی ہے، پاک فوج کے ایک ہی اشارے پر خون کے آخری قطرے تک لڑیں گے۔