اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھرمیں کشمیری بہن بھائیوں کے حق میں ریلیاں نکالی گئیں۔ ریلیوں کے دوران بلند شگاف نعرے لگائے گئے، نعروں میں ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ کے نعرے لگے۔اس دوران کشمیریوں بہن، بھائیوں کی جدوجہد کو سلام پیش کیا گیا۔
دنیا نیوز کے مطابق کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے قبائلی بھی میدان میں آ گئے، عید کے دوسرے روز مظلوم کشمیری عوام پر مظالم کے خلاف جنوبی وزیرستان میں مختلف مقامات پر ریلیاں نکالی گئیں۔
بھارت کی جانب سے آرٹیکل 370 کے خاتمے کے خلاف مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے جنوبی وزیرستان کے قبائلی عوام نے مختلف مقامات پر ریلیوں کا انعقاد کیا جس میں قبائلی مشران سمیت نوجوانوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ کشمیر بنے گا پاکستان اور بھارت مخالف بلند شگاف نعرے لگائے۔
مظاہرین میں موجود قبائلیوں کا کہنا تھا کہ پہلے بھی کشمیریوں کی آزادی کے لئے ہم نے قربانی دی اور اب بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ قبائلی عوام پاک فوج اور کشمیری عوام کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑی ہے، پاک فوج کے ایک ہی اشارے پر خون کے آخری قطرے تک لڑیں گے۔
دوسری طرف پشاور سمیت دیگر علاقوں سے آئے جوانوں نے کشمیری بھائیوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ایک نیا انداز اپنایا۔ پچاس سے زائد فور بائی فور جیپوں کے ذریعے پورے ضلع کا چکر لگایا۔
’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ یہی صدا لیے پشاور کے جوانوں نے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے فور بائی فور ریلی جیپ ریلی کے زریعے شہر بھر کا چکر لگایا، تمام گاڑیوں پر پاکستان پرچم کے ساتھ ساتھ کشمیر کا پرچم بھی لہرا رہا تھا۔
ڈی سی پشاور کا کہنا تھا کہ جیپ ریلی کا مقصد پاکستان سمیت پوری دنیا کو بتانا تھاکہ پاکستانی عوام کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہر مقام پر کھڑے ہیں۔
فور بائی فور کلب کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ریلی کے تمام اخراجات اپنی مدد آپ کے تحت اٹھائے جا رہے ہیں جس کا بنیادی مقصد ہندوستان کے مظالم کے خلاف کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی ہے۔
جیپ ریلی حیات آباد سپورٹس کمپلکس سے شروع ہو کر رینگ روڈ کے راستے پل زہ کوڑی پل اور پھر پورے پشاور کا چکر لگاتی ہوئی حیات آباد سپورٹس کمپلکس پر اختتام پذیر ہوئی۔
کراچی میں بھی شہریوں کا کہنا تھا کہ جشن آزادی منائیں گے مگر کشمریوں کو نہیں بھولیں گے، شہری سرحدوں پر وطن عزیز کی حفاظت کرنے والے جوانوں اور مظلوم کشمریوں کے لیئے دعا گو ہیں۔
شہری کا کہنا تھا کہ 14 اگست کا دن یعنی آزادی کا دن دشمن سے برات کا دن ہے۔ ارض وطن پر مر مٹنے کا دن ہے، کشمریوں سے اظہار یکجہتی کا دن ہے۔
اُدھر سندھ کے ضلع کندھ کوٹ میں کندھکوٹ امن کمیٹی کی جانب سے کو کشمیر سے یکجہتی کے لیے جشن آزادی ریلی نکالی گئی، ریلی پریس کلب سے ٹاور چوک تک نکالی گئی، ریلی میں شہریوں سمیت ہندو برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
دریں اثناء بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالی گئیں اور بھارت مخالف نعرے لگائے گئے۔ مظاہرین نے کشمیر بنے گا پاکستان کے بھی نعرے لگائے۔