اسلام آباد: (دنیا نیوز) مشیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ نے آئندہ ماہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی ’’نوید‘‘ سنا دی۔
مشیر خزانہ کا کہنا ہے کہ حکومت چاہتی ہے عالمی مارکیٹ میں تیل سستا ہو تو عوام کو بھی فائدہ پہنچے، آئندہ ماہ پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات سستی ہوتی نظر آرہی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دیکھا گیا کہ بجٹ میں رکھی گئی رقوم کے فوائد عام آدمی تک کیسے پہنچیں، ترقیاتی پروگرام کے لیے بجٹ میں 950 ارب روپے رکھے گئے ہیں، ترقیاتی منصوبوں سے عوام کی زندگیوں پر مثبت اثر اور نوکریاں پیدا ہوںگی، وزیراعظم نے بڑے منصوبے جلد مکمل کرکے فوائد عوام تک پہنچانے کی ہدایت کی ہے۔
ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے تمام بڑے منصوبوں کو مستقل بنیادوں پر مانیٹر کرنے کی ہدایت کی ہے۔ حکومت نے ملک کے کمزور طبقے کے لیے بجٹ میں 192 ارب روپے رکھے ہیں، حکومت نقد رقوم کی ترسیل اور صحت کارڈ جیسے منصوبے تیز کرنا چاہتی ہے۔
مشیر خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ بجٹ میں غریبوں کی سبسڈی کے لیے 262 ارب روپے رکھے گئے ہیں، حکومت چاہتی ہے کہ معیشت میں مزید بہتری آئے تاکہ کاروباری طبقے کا اعتماد بحال ہو، معیشت کی بہتری کے لیے حکومتی اقدامات کے اثرات سامنے آنا شروع ہوچکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سٹاک مارکیٹ میں 9 فیصد اضافہ ہوا، بہت عرصہ بعد ملکی برآمدات بڑھیں، کرنٹ اکائونٹ خسارہ میں بھی بہت واضح کمی آئی ہے۔