اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو مقبوضہ وادی میں لاک ڈاؤن ختم کرنے کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالنے کا مطالبہ کردیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر کو ایک اور خط لکھ کر مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔
خط میں شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت کے حالیہ اقدامات کے باعث جنوبی ایشیا کے امن واستحکام کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔ مکمل لاک ڈاؤن کے باعث مقبوضہ کشمیر میں صورتحال انتہائی خراب ہے۔ بھارت پر مقبوضہ وادی میں لاک ڈاؤن ختم کرنے کیلئے دباؤ ڈالا جائے۔
انہوں نے خط میں لکھ پر اپنے شدید تحفظات اور خدشات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے جعلی فلیگ آپریشن کر سکتا ہے۔
وزیر خارجہ نے صدر سلامتی کونسل کو جوہری معاملے پر بھارت کے غیر ذمہ دارانہ بیانات سے بھی آگاہ کیا اور تجویز دی کہ اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کی تعداد دوگنی کی جائے اور بھارت پر زور دیا جائے کہ وہ فوجی مبصرین کو صورتحال کا جائزہ لینے کی اجازت دے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سلامتی کونسل علاقائی امن و سلامتی کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ پاکستان مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کیلئے ہر ممکن تعاون کو تیار ہے۔