واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں قائم پاکستانی سفارتخانے میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے بھرپور احتجاج ریکارڈ کروایا گیا۔
پاکستانی سفیر اسد مجید اور سفارتخانے کے عملے نے آدھے گھنٹے تک کھڑے رہ کر مودی حکومت کے مظالم پر احتجاج کیا۔ اس موقع پر پاکستان اور آزاد کشمیر کے ترانے بھی بجائے گئے۔ احتجاج میں امریکا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے بھی شرکت کی۔
سفیر اسد مجید کا اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستانی کمیونٹی کے افراد مسئل کشمیر کی پیچیدگی کے حوالے سے اپنے حلقوں میں حکومتی نمائندوں کو آگاہ کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی میڈیا نے مسئلہ کشمیر پر کھل کر بات کی ہے۔ کشمیریوں کے حقوق کے لئے ہر سطح پر بات کریں گے۔ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی اور سفارتی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا۔
اسد مجید کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں بسنے والے کشمیری اور پاکستانیوں نے یک زبان ہو کر اپنے بہن بھائیوں کے لئے آواز اٹھائی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر امریکی اخبارات میں بھی شہ سرخیاں لگی ہیں۔