لندن: (دنیا نیوز) جج ارشد ملک ویڈیو کیس کے اہم کردار ناصر بٹ نے بیان ریکارڈ کرانے کی حامی بھر لی۔ ہائی کمیشن آف پاکستان لندن نے ناصر بٹ کے بیان حلفی اور فرانزک رپورٹ کی تصدیق سے معذرت کر لی، منگل کو دوبارہ طلب کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جج ارشد ملک ویڈیو کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ سکینڈل کے مرکزی کردار ناصر بٹ نے بیان ریکارڈ کرانے کی حامی بھر لی ہے۔
ہائی کمیشن آف پاکستان کے احاطے میں دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر بٹ کا کہنا تھا کہ وہ ویڈیو لنک کے ذریعے یا عدالت میں پیش ہو کر بیان ریکارڈ کرانے کیلئے تیار ہیں۔
ناصر بٹ اپنے بیان حلفی اور ویڈیو کی فرانزک رپورٹ کی تصدیق کروانے کے لیے پاکستانی ہائی کمیشن گئے تھے تاہم ہائی کمیشن نے معاملے کو قانونی رائے کیلئے دفتر خارجہ بھجوانے کا فیصلہ کر لیا جس کے بعد مزید کارروائی ہوگی۔ ہائی کمیشن کے عملے نے ناصر بٹ کو وارنٹ گرفتاری تھما دیے اور دوبارہ طلب کر لیا۔