لاہور: (دنیا نیوز) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی زیرصدارت انتظامی کمیٹی کا اجلاس ختم ہو گیا جس میں سابق جج ارشد ملک کی مبینہ ویڈیو اور ان پر الزامات کی تحقیقات کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، انکوائری کیلئے جسٹس احمد نعیم کو نامزد کر دیا گیا.
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی زیر صدارت اجلاس شروع ہوا جس میں احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک کیخلاف کارروائی پرغور کیا گیا۔ لاہور ہائیکورٹ کی انتظامی کمیٹی میں شامل ججز جسٹس مامون الرشید، جسٹس قاسم خان، جسٹس مظاہرعلی اکبر، جسٹس امین الدین، جسٹس امیر بھٹی اور جسٹس شہزاد احمد نے مبینہ ویڈیو اور جج ارشد ملک کے خلاف الزامات کا تفصیلی جائزہ لیا جس کے بعد اجلاس ختم ہو گیا۔
انتظامی کمیٹی نے مبینہ ویڈیو سکینڈل کے حوالے سے سابق جج ارشد ملک پر لگائے جانے والے الزامات کی تحقیقات کرانے کا فیصلہ کیا ہے، انکوائری کا نگران جسٹس احمد نعیم کو مقرر کیا گیا ہے جو الزامات کی تحقیقات کریں گے جس کے بعد کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔