ملتان: (دنیا نیوز) جج ویڈیو سکینڈل کے مرکزی ملزم میاں طارق کو ایک اور کیس میں اشتہاری قرار دے دیا گیا۔ ملتان میں جوڈیشل مجیسٹریٹ نے جعلسازی کرنے اور عدالت میں پیش نہ ہونے پر ملزم کو اشتہاری قرار دیا۔
تفصیلات کے مطابق جج ویڈیو سکینڈل کے مرکزی ملزم میاں طارق کو چار ساتھیوں سمیت جوڈیشل مجسٹریٹ نے اشتہاری قرار دے دیا ہے۔ ملزم کے خلاف تھانہ نیو ملتان میں شاپنگ مال کی زمین کو جعلسازی سے فروخت کرنے کا الزام تھا، جس پر بار بار طلبی کے باوجود ملزم میاں طارق پیش نہ ہوا۔
جوڈیشل مجیسٹریٹ نے ملزم کو چار ساتھیوں سمیت اشتہاری قرار دیتے ہوئے پولیس کو ملزمان کو جلد عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ ملزم میاں طارق اس سے پہلے ایک اور کیس میں بھی اشہتاری قرار دیا جا چکا ہے۔