ہیوسٹن میں مودی کیخلاف بڑا احتجاج، پاکستانی، کشمیری اور سکھوں کی شرکت

Last Updated On 23 September,2019 11:45 am

ہیوسٹن: ( دنیا نیوز) ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں مودی کے سٹیڈیم میں جلسے سے خطاب کے دوران ہزاروں پاکستانی، کشمیری اور سکھ سڑکوں پر آ گئے اور سٹیڈیم کے باہر زبردست مظاہرہ کیا اور فری ویئر کے علاقے میں ریلی نکالی ، جس سے سڑکیں جام ہو گئیں۔

 بھارتی وزیر اعظم دہشت گرد اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے بینرز آویزاں کئے گئے، سکھوں نے خالصتان تحریک کے بینرز اور جھنڈے لہرائے، مظاہرین کی بڑی تعداد نے مودی کلر کے نام کی ٹی شرٹیں پہن رکھی تھیں۔ فضا  کشمیر بنے گا پاکستان   مودی ہٹلر، فاشسٹ  اور مقبوضہ وادی میں مظالم بند کرو  کے نعروں سے گونجتی رہی۔

مظاہرین نے کہا مودی تمہارے دن گنے جا چکے ہیں، تمہارا اقتدار جلد ختم ہو جائے گا، ٹیکساس کے ہر شہر اور گاؤں سے پاکستانی، سکھ، بھارتی مسلمان اور کشمیری سینکڑوں بسوں پر ہیوسٹن پہنچے تھے، مظاہرین نے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو ہٹانے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرنے کا مطالبہ کیا۔

ریلی میں وفاقی وزیرعلی امین گنڈا پور بھی شریک ہوئے۔ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرایا جائے، عالمی برادری مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم بند کرائے، مسئلہ کشمیر ایٹمی فلیش پوائنٹ بن گیا، پاکستان اور بھارت میں جنگ سے نہ صرف خطہ بلکہ دنیا بھی متاثر ہو گی۔
 

Advertisement