بیجنگ: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی آج چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات ہوئی جس کے دوران مقبوضہ کشمیر کی صورتحال، خطے میں قیام امن اور اقتصادی معاملات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاک چین سدا بہار شراکت داری دونوں ممالک کے بنیادی مفادات کو تحفظ فراہم کرتی ہے۔
پاک چین دوستی نئی ڈگر پر، تعلقات مضبوط تر، سی پیک منصوبہ پاکستان کی خوشحالی کا ذریعہ قرار، وزیراعظم عمران خان چین میں آج بھی مصروف دن گزاریں گے۔ چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات ہوئی جس میں مسئلہ کشمیر، اقتصادی امور اور خطے میں تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم انٹرنیشنل ہارٹی کلچر ایکسپو کی اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر شریک ہوں گے جس کی میزبانی وزیراعظم لی کی چیانگ کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے گذشتہ روز بیجنگ میں چینی ہم منصب سے ملاقات کی جس میں وزیراعظم عمران خان نے چین کے وزیراعظم کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقو ق کی پامالیوں اور لاک ڈاؤن سے آگاہ کیا۔ عمران خان نے کہا کہ بھارتی ظلم و ستم ختم کروانے اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے عالمی برادری فوری اپنا کردار ا دا کرے۔
چین کے وزیراعظم سے ون آن ون ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس آئی، وزیر خارجہ اور دیگر وفاقی وزراء بھی شریک ہوئے۔
ملاقات کے بعد معاشی و اقتصادی شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔ وزیراعظم عمران خان سے چینی سرمایہ کاروں اور بڑی کمپنیوں کے سربراہان نے بھی الگ الگ ملاقات کی اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے تبادلہ خیال کیا۔