اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق صدر پرویزمشرف کیخلاف ججز نظربندی کیس سے دہشتگردی کی دفعات نکالنے کی درخواست خارج کر دی گئی، عدالت نے عدم پیروی کی بنا پر درخواست خارج کی۔
چیف جسٹس اطہرمن اللہ اورجسٹس میاں گل حسن نے سماعت کی، پرویز مشرف کے وکیل اختر شاہ عدالت میں پیش نہ ہوئے۔ عدالتی نوٹس پر پرویز مشرف کے خلاف شکایت کنندہ چودھری محمد اسلم گھمن عدالت میں پیش ہوئے۔
سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے خلاف انسداد دہشت گردی کی عدالت میں مقدمہ زیر التوا ہے، پرویز مشرف مقدمہ میں اشتہاری ملزم ہیں اور عدالت نے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں۔ واضح رہے کہ پرویز مشرف پرسابق چیف جسٹس پاکستان افتخارچودھری سمیت 60 سے زائد ججز کونظر بند کرنے کا مقدمہ درج ہے۔