اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا، کابینہ 11 نکاتی ایجینڈا پر غور کرے گی، وزیراعظم سعودی عرب اور ایران کے درمیان سہولت کاری کے معاملے پر کابینہ کو اعتماد میں لیں گے۔
کابینہ اجلاس ایجنڈے سے 4 نکات ڈراپ کر دیے گئے، وفاقی کابینہ اب 11 نکاتی ایجنڈا پر غور کرے گی، وفاقی کابینہ 6 نئے قوانین آرڈیننس کے ذریعے نافذ کرنے کے معاملے پرغور کرے گی، کابینہ کو متروکہ وقف املاک کے اثاثہ جات پر بریفنگ دی جائے گی، اسلام آباد ماسٹر پلان پر کابینہ کو بریفنگ دی جائے گی۔
اس کے علاوہ سی ڈی اے کی تنظیم نو پر بھی کابینہ کو بریف کیا جائے گا۔ کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے گزشتہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی، نیشنل فرٹیلائزر مارکیٹنگ لمیٹیڈ کے مینیجنگ ڈائریکٹر کی تعیناتی اور اسلام آباد ہیلتھ کئیر ریگولیشن ایکٹ کے تحت بورڈ ممبران کی نامزدگی بھی ایجنڈا میں شامل ہے۔ رئیل اسٹیٹ آرڈیننس 2019 اور وفاقی کابینہ کے فیصلوں کے حوالے سے آن لائن مینجمنٹ سسٹم پر بھی بریفنگ ایجنڈا میں شامل ہے۔