لاہور: (دنیا نیوز) کراچی میں مزید ایک سو چونسٹھ افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق، جڑواں شہروں میں تین سو انچاس نئے کیسز رپورٹ ہوئے، ضلع خیبر میں محکمہ صحت کے سربراہ، اہلیہ اور چھ بچے ڈینگی کے باعث ہسپتال منتقل کر دیئے گئے۔
وفاقی دارالحکومت میں چوبیس گھنٹوں کے دوران دو سو پینتیس مریضوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔ پمز ہسپتال میں ستر، پولی کلینک میں ننانوے اور نجی ہسپتالوں میں 80 افراد زیر علاج ہیں۔
راولپنڈی میں ایک سو چودہ افراد وائرس کا شکار ہوئے۔ رواں سال راولپنڈی ڈویژن میں تعداد چودہ ہزار ترانوے ہوگئی۔ ڈینگی شہر میں چونتیس انسانی جانیں نگل چکا ہے۔
کراچی میں مچھر کے ڈنک مزید ایک سو چونسٹھ افراد کو نشانہ بنا گئے۔ سندھ کے دیگر اضلاع سے آٹھ نئے کیس سامنے آئے۔ رواں سال تعداد پانچ ہزار تین سو باسٹھ ہوگئی جبکہ سترہ افراد جان کی بازی ہارے۔
لاہور میں چار نئے مریض سامنے آگئے ہیں جس کے بعد ان تعداد تین سو بارہ تک پہنچ چکی ہے۔ انسداد ڈینگی مہم کے دوران ایک ہزار تین سو بارہ مقامات سے لاروا برآمد ہوا۔ فیصل آباد میں بھی مچھر کی وحشت برقرار ہے۔ پانچ افراد سول اور الائیڈ اسپتال پہنچ گئے جس کے بعد مریضوں کی تعداد ایک سو باون تک پہنچ گئی۔
خیبر پختونخوا میں مزید چوالیس کیس رپورٹ ہوئے۔ صوبے میں مریضوں کی تعداد پانچ ہزار دو سو انتیس ہوگئی۔ پشاور میں 12 افراد متاثر ہوئے۔