اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک کے مختلف شہروں میں ڈینگی مچھر مسلسل شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے، راولپنڈی میں متاثرہ افراد کی تعداد 8 ہزار ہوگئی، خیبر پختونخوا کا سکور 5 ہزار 229 تک جا پہنچا جبکہ لاہور میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 312 ہے۔
انتظامیہ اور محکمہ صحت کی حکمت عملی کار گر ثابت نہ ہوئیں، راولپنڈی میں ڈینگی 34 انسانی جانیں نگل چکا ہے، اسلام آباد میں 14 اموات ہو چکی ہیں، پولی کلینک اسلام آباد میں زیر علاج 4 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
لاہور میں ڈینگی کے 4 نئے مریض سامنے آگئے، متاثرہ مریضوں کی تعداد 312 تک جا پہنچی، فیصل آباد کے سول اور الائیڈ ہسپتال میں مزید 5 مریض داخل کرائے گئے، مریضوں کی تعداد 152 ہو گئی، فیصل آباد میں اب تک ڈینگی کے 2 مریض جاں بحق ہوئے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں کراچی میں مزید 164 افراد ڈینگی سے متاثر ہوئے، سندھ کے دیگر اضلاع سے 8 کیس رپورٹ ہوئے، 24 گھنٹوں کے دوران سندھ بھر میں 172 نئے کیسز کا اضافہ ہوا، سندھ میں 14 روز کے دوران 2145 جبکہ کراچی میں 1996 کیسز سامنے آئے، رواں برس سندھ میں 17 افراد جان سے گئے۔
خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے مزید 44 کیس رپورٹ ہوئے، صوبے میں ڈینگی کیسز کی تعداد 5 ہزار229 ہوگئی، ڈینگی رسپانس یونٹ کے مطابق پشاور میں مزید 12 افراد ڈینگی سے متاثر ہوئے، تعداد 2 ہزار 190 ہوگئی، مختلف ہسپتالوں میں 157 مریض زیرعلاج ہیں۔