راولپنڈی: (دنیا نیوز) ملک بھر میں ڈینگی کے سامنے انتظامیہ بے بس دکھائی دے رہی ہے۔ راولپنڈی میں ڈینگی سے متاثرہ ایک اور شخص دم توڑ گیا، تعداد چونتیس ہو گئی۔ خیبر پختونخوا میں بھی متاثرہ مریضوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ادھر لاہور میں ڈینگی مریضوں کی تعداد دو سو پچاسی تک جا پہنچی ہے۔
انتظامیہ اور محکمہ صحت کی حکمت عملی ابھی تک نتیجہ خیز ثابت نہیں ہو سکی ہے۔ ڈینگی مچھر مسلسل شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ 24 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی میں مزید 157 شہری ڈینگی کا نشانہ بنے۔ اسلام آباد کے 21 رہائشی مریضوں کو راولپنڈی کے ہسپتالوں میں لایا گیا جس کے بعد مجموعی تعداد 7582 ہوگئی۔
لاہور میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 33 نئے مریض سامنے آئے ہیں جس کے بعد مریضوں کی تعداد 285 تک پہنچ گئی ہے۔ ملتان میں مزید 3 مریض نشتر ہسپتال داخل کرائے گئے جس کے بعد ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 25 ہو گئی۔
فیصل آباد کے الائیڈ ہسپتال میں مزید 3 مریضوں کے داخل ہونے کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 134 تک پہنچ چکی ہے۔ فیصل آباد میں اب تک 2 مریض جاں بحق ہوئے ہیں۔
رحیم یارخان میں ڈینگی کے شبہ میں کمسن بچی سمیت 5 افراد ہسپتال منتقل کیے گیے جہاں متاثرہ مریضوں کی تعداد 535 سے تجاوز کر گئی ہے۔
خیبر پختونخوا میں ڈینگی کے مزید 89 کیس رپورٹ ہوئے۔ صوبے میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 846 ہو گئی۔ پشاور میں مزید 24 افراد ڈینگی کا شکار ہوئے، تعداد 2 ہزار 144 تک پہنچ گئی ہے۔ سوات میں مزید 8، چارسدہ 3، لوئر دیر سے 5، صوابی سے 14، مردان 4 اور مانسہرہ سے 10 کیس سامنے آئے۔