راولپنڈی: (دنیا نیوز) ملک بھر میں ڈینگی بخار میں مبتلا مریضوں کا ہسپتال میں تانتا بندھ گیا۔ ہر گزرتے دن کے ساتھ پنجاب سمیت دیگر صوبوں میں مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ راولپنڈی میں مزید 122 افراد وائرس کا شکار ہوگئے۔
پنجاب سمیت دیگر صوبوں میں بھی ڈینگی راج برقرار ہے، راولپنڈی میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 122 مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد تعداد 6338 ہوگئی جبکہ جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 30 تک جا پہنچی۔ پوٹھوہار ٹاؤن سے 65، چکلالہ اورکنٹونمنٹ بورڈ سے 17 مریضوں میں تشخیص ہوئی۔ میونسپل کارپوریشن سے 18، مری 4، کلرسیداں سے 2 اور گوجر خان سے 3 مریض رپورٹ ہوئے۔
اسلام آباد سے ڈینگی سے متاثرہ مزید 6 مریض راولپنڈی کے الائیڈ ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ لاہور میں بھی ڈینگی کے وار جاری ہیں، 24 گھنٹوں کے دوران مزید 9 مریض سامنے آگئے، تعداد 158تک پہنچ گئی۔ ملتان میں ڈینگی کے مزید 7 مریض سامنے آگئے، متاثرہ مریضوں کی تعداد 115 ہو گئی۔ بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 7 ڈینگی مریض داخل کرائے گئے، تعداد 104 ہو گئی۔
کے پی میں ڈینگی کے مزید 108 کیس رپورٹ ہوئے، متاثرہ افراد کی تعداد 3 ہزار 967 ہوگئی۔ ڈینگی رسپانس یونٹ کے مطابق پشاور میں مزید 40 افراد ڈینگی سے متاثرہوئے، تعداد ایک ہزار 970 تک جا پہنچی۔ سوات میں 11 افراد میں ڈینگی کی تشخیص ہوئی، تعداد 283 ہوگئی۔ مردان میں مزید 11 افراد میں ڈینگی کا نشانہ بنے اور تعداد 142 ہوگئی۔