اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے تصدیق کی ہے کہ اب تک ملک بھر میں ڈینگی سے 26 اموات جبکہ مریضوں کی تعداد 14 ہزار سے تجاز کر چکی ہے۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں 790 افراد میں ڈینگی کی تشخیص ہوئی۔ ان مریضوں میں سب سے زیادہ تعداد راولپنڈی اور اسلام آباد سے ہے جبکہ سندھ میں ڈینگی کے 120 کیسز سامنے آئے۔
انہوں نے کہا کہ صورتحال کے پیش نظر راولپنڈی انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ راولپنڈی اور اسلام آباد میں ڈینگی کے مریضوں کو ہسپتالوں میں بہتر سہولیات میسر ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزارت صحت میں ڈینگی کنٹرول سیل قائم کیا گیا ہے جو ملک کے مختلف شہروں سے ڈینگی کا روزانہ کی بنیاد پر ڈیٹا اکٹھا کرتا ہے۔ ہم نے ڈینگی سے بچاؤ کے لیے ابھی سے منصوبہ بندی شروع کر دی ہے۔