اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے تصدیق کی ہے کہ ملک بھر میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 10 ہزار سے بڑھ گئی، انہوں نے کہا کہ ڈینگی مریضوں کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ڈینگی کی صورتحال بہت تشویشناک ہے، مرض پھیلنے کی وجوہات جاننے کیلئے کوشش کرینگے۔ اسلام آباد میں ڈینگی کنٹرول اینڈ آپریشن سینٹر بنا دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں ڈینگی کے 70 فیصد مریضوں کا تعلق پوٹھوہار سے ہے، تشویشناک صورتحال کے سبب ڈینگی مچھروں کے خاتمے کیلئے بھی مربوط لائحہ عمل کے تحت کام ہو رہا ہے، پرائمری ہیلتھ کیئرحکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
معاون خصوصی نے کہا کہ ڈینگی کےخدشے کی صورت میں بنیادی مرکز صحت سے ابتدائی معائنہ کرائیں جہاں مریضوں سے ہرممکن تعاون کیا جائے گا۔ ڈینگی سے متعلق معلومات حاصل کرنے کیلئے ہاٹ لائن مختص کر دی گئی ہے۔ ڈینگی سے نمٹنے کیلئے بہت سے اقدامات کر لیے، مرض سے متعلق رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر تیار کی جاتی ہے۔