لاہور: (دنیا نیوز) راولپنڈی میں مزید 181 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ متاثرہ مریضوں کی تعداد ڈھائی ہزار سے تجاوز کر گئی۔ فیصل آباد میں بھی مزید دو افراد ہسپتال پہنچ گئے۔ خیبر پختونخوا میں ڈینگی کنٹرول سے باہر ہو گیا۔ مزید چار اضلاع کو لپیٹ میں لے لیا۔ صوبے میں مزید ایک ہزار 638 کیسز رپورٹ ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سے خیبر تک ڈینگی ہی ڈینگی، انتظامیہ بے بس، مریضوں کی تعداد روز بروز بڑھنے لگی۔ راولپنڈی میں صورتحال تشویشناک ہو گئی۔ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 181 شہری ڈینگی کا شکار ہوئے، جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 2 ہزار 601 ہو چکی ہے۔
جان لیوا وائرس سے متاثرہ 1618 مریضوں کا تعلق راولپنڈی اور 963 کا اسلام آباد سے ہے جبکہ چکوال کے 10، اٹک کے 8 اور جہلم کے 2 مریض زیر علاج ہیں۔
مریضوں کی بڑھتی تعداد کے باعث شہر کے ہسپتالوں میں بحران پیدا ہو گیا ہے۔ ادویات کم پڑ گئی ہیں جبکہ ڈاکٹرز، نرسز اور عملے کی بھی کمی ہے۔ مختلف مقامات سے ڈینگی لاروا برآمد ہونے پر شہریوں کیخلاف 11 مقدمات درج کئے گئے۔
فیصل آباد کے الائیڈ ہسپتال میں ڈینگی وائرس سے متاثر مزید دو مریض داخل ہوئے جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 39 ہو گئی ہے۔ صوبے میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں اضافے کے خلاف قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی ہے۔
ادھر خیبر پختونخوا میں بھی ڈینگی کے حملوں میں تیزی آ گئی ہے۔ مزید چار اضلاع کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ 23 اضلاع میں ڈینگی کے مزید ایک ہزار 638 کیسز رپورٹ ہوئے۔ پشاور میں مزید 61 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔
محکمہ صحت کے مطابق پشاور میں سب سے زیادہ 985 افراد ڈینگی کا شکار ہیں۔ سوات میں مزید 10، ایبٹ آباد اور بٹگرام میں 9، ہری پور 5، لوئر دیر 12 اور مانسہرہ میں ڈینگی کے مزید 8 کیسز رپورٹ ہوئے۔