اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں ڈینگی وائرس تیزی سے پھیلنے لگا، خیبرپختونخوا میں 900 سے زائد افراد میں مرض کی تشخیص ہوگئی، فیصل آباد میں ہزاروں مقامات پر ڈینگی لاروا کی افزائش کا انکشاف ہوا ہے۔
ڈینگی کا وائرس تیزی سے شہریوں کو اپنی لپیٹ میں لینے لگا۔ خیبر پختونخوا میں 900 سے زائد کیسز کی تصدیق ہوگئی۔ پشاور میں سب سے زیادہ 715 افراد میں مرض کی تشخیص ہوئی، محکمہ صحت کے مطابق سوات میں 74، ایبٹ آباد 31، کوہاٹ 23، بٹگرام 17، صوابی 13 اور ہری پور میں اب تک ڈینگی کے 12 کیسز رپورٹ ہوئے۔ وزیرصحت کا کہنا ہے صوبائی محکمے اپنی ذمہ داریاں ادا نہیں کر رہے، جنوری سے محکموں کو مراسلے ارسال کئے، لیکن کسی نے ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کیا۔
راولپنڈی میں ڈینگی مچھر بے قابو ہونے لگا، مزید 121 افراد میں مرض کی تشخیص ہوگئی، جڑواں شہروں میں متاثرہ افراد کی تعداد 1800 سے بھی تجاوز کر گئی۔ گجرات میں بھی ڈینگی نے ڈیرے ڈال لئے ہیں، اس مرض میں مزید 2 افراد مبتلا ہو کر عزیز بھٹی شہید ہسپتال پہنچ گئے، خراب صورتحال کے پیش نظر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
فیصل آباد میں ہزاروں مقامات پر ڈینگی لاروا کی افزائش کا انکشاف ہوا ہے۔ محکمہ صحت نے رواں سال 1900 سے زائد مقامات سے ڈینگی لاروا تلف کرنے کا دعوی کیا ہے۔