ملک کے مختلف شہروں میں ڈینگی نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

Last Updated On 13 September,2019 12:00 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک کے مختلف شہروں میں ڈینگی نے خطرے کی گھنٹی بجا دی، سندھ میں مریضوں کی تعداد 1800 سے تجاوز کر گئی جبکہ خیبر پختونخوا میں ایک ہزار تک پہنچ گئی، پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی ڈینگی تیزی سے پھیلنے لگا۔

صفائی کے ناقص انتظامات اور غفلت سے ملک کے مختلف شہروں میں ڈینگی پھیلنے لگا، کراچی میں ڈینگی سے متاثرہ مزید 20 مریض ہسپتالوں میں پہنچ گئے۔ سندھ میں رواں سال ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 1841 تک پہنچ گئی۔ محکمہ صحت کے مطابق موذی مرض 8 افراد کی جان بھی لے چکا ہے۔

خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے 1800 سے زائد مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے ایک ہزار کے قریب افراد کے خون میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ فیصل آباد میں بھی ڈٰینگی کا مرض پھیلنے لگا۔ الائیڈ ہسپتال میں ڈینگی کے 5 مریض لائے گئے۔ مختلف ہسپتال میں لائے گئے متاثرہ مریضوں کی تعداد 34 تک پہنچ گئی۔

نارووال میں بھی موذی مرض کے 3 مریض سامنے آگئے۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال انتظامیہ نے متاثرہ افراد کے ڈینگی کا شکار ہونے کی تصدیق کی ہے۔ متاثرہ مریضوں کے علاج کا سلسلہ جاری ہے۔
 

Advertisement