پنجاب میں ڈینگی کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد، مریم اورنگزیب کا تشویش کا اظہار

Last Updated On 03 September,2019 06:18 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے پنجاب میں ڈینگی کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نااہل اور نالائق حکمرانوں کی غفلت کی وجہ سے پنجاب کی عوام کی جانوں کو خطرات میں ڈال دیا گیا ہے۔

پنجاب میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی بدترین نالائقی اور غفلت سے پنجاب میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 683 ہو گئی ہے لیکن اس کے تدارک اور بچاؤ کیلئے کسی قسم کا کوئی اقدام نہیں کیا گیا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کی غفلت اور نااہلی کی وجہ سے پنجاب کے عوام کی زندگی کے ساتھ کھیلا جا رہا ہے۔ پنجاب حکومت اتنی نالائق ہے کہ شہباز شریف کے ڈینگی کو قلع قمع کرنے والے نظام پر عمل تک نہ کر سکی اور شہریوں کی جانوں کو خطرہ میں ڈالا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام شہباز شریف کو یاد کر رہے ہیں جنہوں نے ہنگامی بنیادوں پر ڈینگی کا قلع قمع کیا۔ ڈینگی کے تدارک اور بچاؤ کے لئے شہباز شریف کے قائم کردہ نظام پر عمل ہوتا تو آج یہ نہ ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ اگر پنجاب میں ڈینگی پر قابو پانے کے لئے سنجیدہ اقدامات نہ کئے گئے تو دوسرے صوبے بھی اِس نالائقی سے متاثر ہوں گے۔

لیگی ترجمان نے کہا کہ بغض اور حسد میں شہباز شریف کے تمام منصوبے ختم کر دئیے گئے۔ نالائق حکمران ڈینگی پر قابو پانے میں بھی شہباز شریف دور کے معیار پر پورا نہ اتر سکے۔
 

Advertisement