راولپنڈی میں ڈینگی کی وبا کنٹرول کرنے کیلئے ایمرجنسی نافذ

Last Updated On 26 August,2019 06:36 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے راولپنڈی میں ڈینگی کی وبا کو کنٹرول کرنے کیلئے ایمرجنسی نافذ کردی۔ انہوں نے بینظیر ہسپتال میں ڈینگی وارڈز کے دورے کے دوران شہری انتظامیہ اور محکمہ صحت حکام کو انسداد ڈینگی میں ناکامی پر ڈانٹ پلا دی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر صحت پنجاب نے بے نظیر ہسپتال کا ہنگامی دورہ کیا اور ڈینگی مریضوں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا راولپنڈی انتظامیہ ڈینگی کے ہر نئے کیس کے بارے میں محکمہ صحت کو فوراً آگاہ کرے۔ انسداد ڈینگی مہم میں کسی بھی افسر کی جانب سے غیر ذمہ دارانہ رویہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ راولپنڈی کے ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 353 سے تجاوز کر گئی ہے۔ زیادہ تر مریضوں کو ہولی فیملی ہسپتال، ڈی ایچ کیو اور بینظیر ہسپتال داخل کیا گیا ہے۔ انتظامیہ ابھی تک شہر کے 80 فیصد علاقوں میں سپرے تک نہیں کروا سکی ہے۔
 

Advertisement