ملک کے مختلف شہروں میں سویا ہوا ڈینگی پھر جاگ اٹھا

Last Updated On 04 September,2019 02:57 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک کے مختلف شہروں میں سویا ہوا ڈینگی پھر جاگ اٹھا، سندھ میں متاثرہ افراد کی تعداد 1500 سے تجاوز کر گئی، جڑواں شہر راولپنڈی اور اسلام آباد میں مزید 57 افراد میں تشخیص کے بعد ڈینگی مریضوں کی تعداد 937 ہو گئی۔

سندھ بھر میں رواں سال ڈینگی سے ہلاکتوں کی تعداد 7 ہوگئی جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 1500 سے تجاوز کرچکی ہے۔ رواں ماہ کراچی میں ڈینگی کے 40 مریض سامنے آئے ہیں۔ راولپنڈی میں محکمہ صحت کے مطابق اب تک 270 مریض ہسپتالوں میں لائے گئے، 57 مریضوں میں ڈینگی بخار کی تشخیص ہوئی، مجموعی تعداد 937 تک پہنچ چکی ہے، متاثرہ افراد میں سے 30 فیصد کا تعلق اسلام آباد کے مختلف علاقوں سے ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے راولپنڈی میں مرض کے پھیلنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری صحت سےرپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیر اعلی کا کہنا ہے یہ معاملہ حساس ہے، غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

ادھر پشاور کے نواحی علاقے بھی ڈینگی کی زد میں ہیں، خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں گزشتہ ماہ سے اب تک بارہ سو مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جن میں سے 21 ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں 15 جبکہ ایل آرایچ میں ڈینگی کے 30 کیسز سامنے آئے، سینکڑوں کی تعداد میں متاثرہ افراد پرائیویٹ ہسپتالوں سمیت گھروں میں بھی زیر علاج ہیں۔
 

Advertisement