راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی میں ڈینگی مچھر عفریت کی شکل اختیار کر گیا، قاتل مچھر نے مزید 2 زندگیوں کے چراغ گل کر دیئے، رواں برس جڑواں شہروں میں ڈینگی بخار کے باعث جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 6 ہو گئی۔
محکمہ صحت ذرائع کے مطابق راولپنڈی کے ہولی فیملی ہسپتال میں زیر علاج ڈینگی بخار میں مبتلا مزید 2 مریض جاں بحق ہوگئے جن میں آزاد کشمیر کی 27 سالہ ثوبیہ اور اسلام آباد کا رہائشی 38 سالہ عمیر شامل ہیں۔ مزید دو ہلاکتوں کے باعث رواں برس راولپنڈی اسلام آباد میں ڈینگی کے مرض سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 6 ہو گئی ہے جبکہ مجموعی مریضوں کی تعداد 2 ہزار 305 تک پہنچ چکی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 84 مریض راولپنڈی جبکہ 63 مریض اسلام آباد کے رہائشی، ایک مریض چکوال سے ڈینگی بخار کے مرض میں رپورٹ ہوئے۔ راولپنڈی سے 1479، اسلام آباد سے 806، اٹک سے 8، جہلم سے 2 اور چکوال سے 10 مریض ڈینگی کا شکار ہوچکے ہیں۔ راولپنڈی کے ہسپتالوں میں ڈینگی کے حوالے سے نافذ کی گئی ایمرجنسی تاحال برقرار ہے۔ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 916 مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
سرکاری ہسپتالوں میں اضافی وارڈز کے باوجود ڈینگی مریضوں کے لئے جگہ ختم ہونے کے سبب سرکاری ہسپتالوں کے ریلوے، کنٹونمنٹ بورڈ، پرائیویٹ ہسپتالوں میں ڈینگی وارڈز قائم کر دیئے ہیں۔