ملک میں ڈینگی کیسز میں اضافہ، پختونخوا میں تعداد 2 ہزار سے تجاوز کر گئی

Last Updated On 20 September,2019 12:59 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک کے مختلف شہروں میں ڈینگی کے بڑھتے کیسز نے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ خیبرپختونخوا میں تعداد 2 ہزار سے بھی تجاوز کر گئی، دیگر شہروں میں بھی مریض سامنے آنے لگے، کراچی میں پیر سے ڈینگی کے خاتمے کیلئے سپرے کیا جائے گا۔

ڈینگی کا ڈنک تیز، مچھر کی افزائش کو روکنا حکومتی اداروں کے لیے چیلنج بن گیا۔ خیبر پختونخوا میں ڈینگی کے مریضوں میں مسلسل اضافہ ہونے لگا، صوبے کے مختلف علاقوں میں مزید 134 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوگئی، متاثرہ افراد کی تعداد2 ہزار سے بھی تجاوز کرگئی ہے۔

کراچی میں ڈینگی سے بچاؤ کے اقدامات کیلئے انتظامیہ حرکت میں آگئی۔ کمشنر کی زیر صدارت اجلاس میں شہر میں سپرے کرنے کا فیصلہ کیا گیا، ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں قائم کمیٹی سپرے مہم کی نگرانی کرے گی، شہر میں رواں ماہ ڈینگی کے 641 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔