لاہور: (روزنامہ دنیا) سینئر صحافی سلیم صافی نے کہا ہے کہ مجھے انٹیلی جنس اداروں کے بعض ذرائع نے بتایا ہے کہ آصف زرداری کی طبیعت بہت خراب ہے اور اس وجہ سے کوئی بھی سانحہ ہوسکتا ہے۔
دنیا نیوز کے پروگرام نقطہ نظرمیں میزبان اجمل جامی سے گفتگو کرتے ہوئے سلیم صافی نے بتایا گرفتاری سے پہلے بھی آصف زرداری کی صحت بہت زیادہ خراب تھی ان کے چہرے اور حرکات و سکنات پر بھی اس کے اثرات نمایاں تھے ان کا حافظہ بھی اس سے متاثر ہوتا نظر آتا تھا، ان کو مختلف امراض لاحق ہیں دل کے عارضے یا شوگر وغیرہ کی وجہ سے کسی بھی وقت کسی حادثے کا خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ مولانا فضل الرحمن کی کامیابی ہے کہ وہ پہلے نمبر پر آگئے ہیں، شیخ رشید کی معلومات ابھی اپ ٹوڈیٹ نہیں، مولانا فضل الرحمن سے اعلیٰ سطحی رابطے ہوچکے ہیں لیکن یہ رابطے نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کے لہجے کی تلخی ان رابطوں کے بعد مزید بڑھ گئی۔ انہوں نے کہا کہ شیخ رشید جو امیدیں لگائے بیٹھے ہیں ان کا نتیجہ نہیں نکلا۔ اس وقت دونوں طرف آگ برابر لگی ہوئی ہے۔
میں نے مولانا فضل الرحمن سے کئی بار کہا ہے کہ عمران خان کسی کے ایجنٹ نہیں اور نہ ہی کسی کے ایجنڈے پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک بات ہمارے لئے حیران کن ہے کہ مولانافضل الرحمن ماضی کی نسبت زیادہ اشتعال میں ہیں اور ساتھ ہی حد درجہ پر اعتماد بھی ہیں۔