نواز شریف کیلئے آئندہ 48 گھنٹے تشویشناک قرار، ڈاکٹروں کی پریشانی بڑھنے لگی

Last Updated On 28 October,2019 06:34 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پروفیسر محمود ایاز کا کہنا ہے پلیٹ لیٹس کے لئے لگائے جانے والے انجکشنز اور سٹیرائیڈز مزید طبی مسائل کھڑے کرنے لگے، انجکشنز اور سٹیرائیڈز کی وجہ سے نواز شریف کے گردے متاثر ہو رہے ہیں۔

سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صحت کی دیکھ بھال کیلئے قائم میڈیکل بورڈ کے سربراہ پروفیسر محمود ایاز نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پلیٹ لیٹس میں اضافے کے لئے لگائے جانے والے انجکشنز اور سٹیرائیڈز نواز شریف کے لئے مزید طبی مسائل کھڑے کر رہے ہیں۔ انجکشنز اور سٹیرائیڈز کے باعث نواز شریف کے گردوں پر اثر پڑ رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نواز شریف کے گردوں کے ٹیسٹ کروائے گئے جن کی رپورٹس تسلی بخش نہیں آئیں۔ دل کی بیماری کے باعث دی جانے والی ادویات پلیٹ لیٹس پر اثر انداز ہو رہی ہیں۔

ادھر ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کم ہو کر 20 ہزار ہو گئے ہیں، پلیٹ لیٹس میں کمی کی وجہ سے انجیو گرافی نہیں کی جا سکتی، اس لیے مرض بڑھ رہا ہے۔ ڈاکٹروں نے نواز شریف کی صحت کے لئے آئندہ اڑتالیس گھنٹے تشویشناک قرار دیے ہیں۔