سروسز ہسپتال میں رہنے یا نہ رہنے کا فیصلہ شریف برادران کرینگے: مریم اورنگزیب

Last Updated On 26 October,2019 07:50 pm

لاہور: (دنیا نیوز) العزیزیہ کیس میں سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی عبوری ضمانت منظور ہونے کے بعد مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ہمارے قائد کے کی منگل تک عبوری ضمانت ہوئی ہے، سابق وزیراعظم کیلئے قوم دعا جاری رکھے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی اور خوشی کی لہر میں مٹھائیاں تقسیم کیں۔

اس دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی ترجمان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد کیلئے دعائیں کرنے پر قوم کا شکریہ ادا کرتی ہوں، ان کی صحت بہتر ہو رہی ہے۔ آج میڈیکل بورڈ نے تمام رپورٹ عدالت میں پیش کیں، اللہ تعالیٰ میاں صاحب کوصحت دے، سیاسی قائدین کی بھی شکرگزارہوں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ لاہور کے سروسز ہسپتال میں میاں صاحب کا علاج جاری ہے، پلیٹ لیٹس بہتر ہو رہے ہیں، کل نواز شریف کو مائنرہارٹ اٹیک ہوا تھا۔ چھ رکنی بورڈ نوازشریف کا علاج کررہا ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ ابھی کیا جائے گا انہوں نے اسی ہسپتال میں رہنا ہے یا کسی اور میں، فیصلہ نوازشریف، شہبازشریف کریں گے۔