لاہور: (دنیا نیوز) نواز شریف کی طبیعت بددستور ناساز، سابق وزیراعظم کے دل کے ٹیسٹ ٹروپ ٹی اور ٹروپ آئی کی رپورٹ پازیٹو آ گئی، رپورٹ پازیٹو آنے کا مطلب ہارٹ اٹیک کی ابتدائی علامات کا ظاہر ہونا ہے، فوری طور پر خون پتلا کرنے والی دوائی کا استعمال شروع کرا دیا گیا۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق نواز شریف کو پلیٹ لیٹس کی کمی جبکہ دوسری طرف دل کے عارضہ کا پرانا مسئلہ ہے، نواز شریف 18 سال سے دل کے عارضے میں مبتلا ہیں، سابق وزیراعظم 10 سال سے شوگر اور بلڈ پریشر کے عارضے میں بھی مبتلا ہیں۔ نواز شریف کی ایکو کارڈیو گرافی نارمل اور ای سی جی کی رپورٹ بہتر ہے۔
گذشتہ روز میڈیکل بورڈ کی جانب سے نواز شریف کو انجائنا کی درد کی وجہ سے دل کے ٹیسٹ تجویز کیے گئے تھے۔ نواز شریف کی 2 دفعہ انجیو پلاسٹی اور 2 دفعہ اوپن ہارٹ سرجری بھی ہو چکی ہے، نوازشریف کو گردوں، کولیسٹرول اور جوڑوں کے درد کا بھی سامنا ہے۔
دوسری طرف مریم نواز کو والد کی تیمار داری کیلئے کوٹ لکھپت جیل سے سروسز ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ مریم نواز کی ہسپتال منتقلی کا فیصلہ گورنر اور وزیراعلیٰ پنجاب کی مشاورت سے کیا گیا۔ مریم نواز نے نواز شریف سے ملاقات کی۔ ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے والد سے مل کر مریم نواز آبدیدہ ہو گئیں۔ مریم نواز کا بھی ہسپتال میں طبی معائنہ کیا گیا، انہوں نے اپنے ٹیسٹ بھی کروائے، انہیں نواز شریف کے ساتھ والے کمرے میں منتقل کیا گیا ہے۔