اسلام آباد: (دنیا نیوز) العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی رہائی کے لیے درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں آج سماعت ہوگی، عدالت نے ایم ایس سروسز ہسپتال اور فریقین کو طلب کر رکھا ہے۔
گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے سماعت شروع کی تو ججز نے ریمارکس دئیے کہ کیا نواز شریف اس قابل نہیں کہ درخواست پر دستخط کرسکیں ؟ کل نواز شریف کہیں گے کہ انہوں نے درخواست دائر کرنے کا نہیں کہا، اپنے لیے ایک اور رکاوٹ کھڑی نہ کریں، درخواست پر نواز شریف کے دستخط کروائے جائیں۔
عدالت نے شہباز شریف کی جانب سے دائر درخواست سماعت کے لیے مقرر کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب اور ایم ایس سروسز ہسپتال سمیت دیگر کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
نواز شریف کی تمام میڈیکل رپورٹس کو درخواست ضمانت کا حصہ بنا کر استدعا کی گئی ہے کہ سابق وزیراعظم ایک درجن سے زائد جان لیوا بیماریوں میں مبتلا ہیں، قید کے دوران نواز شریف کی صحت خطرناک حد تک خراب ہو چکی ہے، لہٰذا نواز شریف کی ضمانت منظور کرتے ہوئے پاکستان یا بیرون ملک علاج کی اجازت دی جائے۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے میڈیکل بورڈ سے نواز شریف کی صحت پر رپورٹ طلب کرتے ہوئے درخواست ضمانت پر سماعت منگل تک ملتوی کر دی۔