اسلام آباد: (دنیا نیوز) شہباز شریف کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کردہ طبی بنیادوں پر نواز شریف کی سزا معطلی کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کر دیئے گئے، اسلام آباد ہائیکورٹ نے فریقین کو نوٹس جاری کر دئیے ہیں۔
سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کل کو نواز شریف کہیں کہ انہوں نے درخواست دائر کرنے کا نہیں کہا تو پھر کیا ہوگا، جسٹس عامر فاروق نے درخواست گزار کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اعتراض ہم ختم کر دیتے ہیں، آپ نواز شریف سے دستخط کروا لیں۔ شہبازشریف کی درخواست پر فیصلہ جوڈیشل سائیڈ پر کرینگے۔ وکیل نے موقف اختیار کیا کہ نوازشریف کی میڈیکل حالت ایسی ہے کہ ایک دن بھی التوا نہیں کرسکتے۔
عدالت نے نوازشریف کی درخواست ضمانت پر کل ہی فریقین سے جواب طلب کرلیا، فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے چیف سیکرٹری، سیکرٹری داخلہ اور سروسز ہسپتال کی ٹیم اور میڈیکل سپریٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل سے رپورٹ طلب کر لی۔