پلیٹ لٹس میں کمی: نواز شریف نئی بیماری کا شکار ہوگئے؟

Last Updated On 23 October,2019 09:49 am

لاہور: (روزنامہ دنیا) پلیٹ لٹس میں کمی کی چار بڑی وجوہات ہوسکتی ہیں، ڈینگی ٹیسٹ کی رپورٹ نیگٹیو آنے کے بعد نواز شریف کہیں نئی بیماری کا شکار تو نہیں ہوگئے؟ 6 رکنی میڈیکل بورڈ نے تشویش کے باعث سر جوڑ لئے۔

تفصیل کے مطابق نواز شریف کے 16ہزار پلیٹ لٹس سے 10ہزار اور اچانک دو ہزار تک پہنچنے کی وجوہات میڈیکل بورڈ کو معلوم نہیں ہوسکیں کیونکہ میڈیکل ذرائع کے مطابق ڈینگی کا ٹیسٹ نیگٹیو آنے کے بعد باقی تین وجوہات ایسی ہوسکتی ہیں جن کے باعث پلیٹ لٹس زیادہ حد تک گر جاتے ہیں ۔ میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کے پلیٹ لٹس کی کمی کے حوالے سے تین چیزوں پر فوکس شروع کردیا ہے پہلی وجہ کے مطابق نواز شریف کو دل کے عارضے کے حوالے سے دی جانیوالی ادویات کا ری ایکشن بھی پلیٹ لٹس میں کمی کر سکتا ہے ۔دوسری وجہ کے مطابق نواز شریف کی قوت مدافعت کے نظام میں ممکنہ خرابی کی وجہ سے بھی پلیٹ لٹس کم ہو سکتے ہیں اگر یہ وجہ ہوئی تو پلیٹ لٹس کے میگا یونٹ لگنے کے باوجود ان میں کمی ہوتی رہے گی ۔ تیسری بڑی اور اہم وجہ لوکیمیا کی بیماری ہے ،اس سے بھی مریض کے پلیٹ لٹس گرتے ہیں اس ساری صورتحال کے باوجود ہیما ٹالوجسٹ کو بورڈ میں شامل نہیں کیا گیا ۔ اب ضروری ہے کہ ہیماٹالوجسٹ کو بورڈ میں لازمی شامل کیا جائے ۔ذرائع کا کہنا ہے میڈیکل بورڈ نواز شریف کو کوئی اور بیماری کے لاحق ہونے پر پلیٹ لٹس میں کمی پر بھی غور کر رہا ہے ۔