لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم نواز شریف طبی معائنے کیلئے آج شریف میڈیکل سٹی پہنچ گئے جہاں نیوروسرجری کے ماہر پروفیسر کی نگرانی میں نوازشریف کا چیک اپ کیا گیا. ایک گھنٹہ 4 منٹ تک جاری رہنے والے معائنے کے بعد سابق وزیراعظم واپس روانہ ہو گئے.
نوازشریف اپنے تفصیلی میڈیکل چیک اپ کیلئے آج شریف میڈیکل سٹی پہنچے جہاں ان کے ذاتی معالج سمیت طبی ماہرین نے ان کا معائنہ کیا، سابق وزیراعظم کے دماغ میں خون کی گردش کو معمول پر لانے کیلئے نیورو سرجری کے ماہر پروفیسرز نے بھی مختلف ٹیسٹ کئے۔
قبل ازیں بتایا گیا تھا کہ سابق وزیراعظم کی صحت کے معاملات انتہائی پیچیدہ ہیں، وہ ہسپتال میں تو داخل نہیں البتہ گھر پر ڈاکٹروں کی زیر نگرانی رہتے ہیں۔ ان کے دل کی دھڑکن متوازن رکھنے کیلئے مستقل پیس میکر لگانا پڑے گا جبکہ دل میں انٹروینشن کی بھی ضرورت ہے۔ ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان بھی کہہ چکے ہیں کہ پیس میکر لگانے کے لئے ٹائم لائن واضح نہیں کچھ اور چیزیں بھی ہیں جنہیں دیکھ رہے ہیں۔ علاج کا روڈ میپ ابھی طے نہیں کیا نہ ہی یہ بتا سکتے ہیں کہ علاج کب تک چلے گا۔
یاد رہے نواز شریف کو علاج کروانے کیلئے 6 ہفتوں پر مشتمل ضمانت دی گئی تھی، 15 دن گزرنے کے بعد اب کے پاس 4 ہفتے باقی بچے ہیں۔