لاہور: (دنیا نیوز) ڈاکٹروں نے سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کا گھر پر ہی طبی معائنہ کیا اور مزید ٹیسٹ کروانے کی بھی تجویز دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے اپنی رہائش گاہ جاتی عمرہ پر معالجین سے طبی معائنہ کروایا۔ معالجین کی ہدایت پر نواز شریف کل ہسپتال جائیں گے جبکہ عارضہ قلب کے معالجین نے طبی معائنہ کے بعد ان کو مزید ٹیسٹ کروانے کی بھی تجویز دی ہے۔
گزشتہ روز شریف میڈیکل کمپلیکس میں میڈیسن، نیفرالوجی اور یورالوجی کے پروفیسرز نے نواز شریف کا تفصیلی معائنہ کیا تھا۔ ڈاکٹرز نے انجائنا کے درد اور گردے کے کام کرنے میں خرابی پر اظہار تشویش کیا تھا، تاہم اب ڈاکٹرز نے ایک بار پھر میاں نواز شریف کو مکمل طبی معائنے اور ٹیسٹ کے لیے ہسپتال جانے کا مشورہ دیا ہے۔