لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ نوازشریف پاکستان میں علاج کرانا نہیں چاہتے، جناح، شیخ زید اور میوہسپتال میں ماہر ڈاکٹرز موجود ہیں، مسائل برطانوی ڈاکٹروں کی وجہ سے ہیں۔
نوازشریف کی صحت اورعلاج کے معاملے پر وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کی زیرصدارت وفاقی حکومت اورپنجاب کے نمائندوں کا اجلاس ہوا، اجلاس کے بعد واضح کر دیا گیا کہ حکومت علاج کے لئے ہرطرح کی سہولتیں فراہم کر رہی ہے۔ وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ شریف برادران اپنے ہی بنائے ہسپتالوں سےعلاج کرانے پر تیار نہیں، پنجاب حکومت نے نوازشریف کو ان کے من پسند علاج کی بھی پیشکش کی۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ نوازشریف کو علاج کیلئے باہر سے بھی کسی ماہر کو بلوانے کی پیشکش بھی کی گئی لیکن ن لیگ اپنے قائد کی صحت پر سیاسی کھیل کھیل رہی ہے۔ فواد چوہدری نے اعتراف کیا کہ حکومت نوازشریف کی صحت کے معاملے پر بلیک میل ہو رہی ہے، وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ شریف فیملی نے لندن میں فراری کیمپ کھولا ہوا ہے۔ نوازشریف اگر باہر سےعلاج کرانا چاہتے ہیں تو پلی بارگین کی آپشن موجود ہے۔
فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب حکومت سے خود نالاں ہوں انہوں نے نوازشریف کو رولز سے ہٹ کر سہولتیں فراہم کی ہیں۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ نوازشریف کو باہر بھجوانے کا فیصلہ عدالت نے کرنا ہے، انگلینڈ سے پڑھی ہوں لیکن پاکستان کے ڈاکٹرز بہت تجربہ کار ہیں۔